ادارے حدود میں رہیں گے تو تصادم کی صورتحال نہیں ہو گی، یوسف رضا گیلانی

Published On 13 April,2023 06:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہیں گے توتصادم کی صورتحال نہیں ہو گی، ڈیڈ لاک ہے ہم راستہ بنا رہے ہیں۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیٹ بہت زیادہ ہے اس ہیٹ کو کم کرنے کے لیے سیاسی فورسز ہی کام کر سکتی ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ایسا راستہ نکالنا ہو گا جس سے پائیدار ڈائیلاگ ہو، شاہ زین بگٹی سے اس حوالے سے درخواست کی ہے، دوسرے اتحادیوں کے پاس بھی جائیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے، اداروں کا تصادم ہو رہا ہے، سیاسی جماعتیں آپس میں ڈائیلاگ کرتی رہتی ہیں، محترمہ بے نظیرشہید نے بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کیا، چارٹر آف ڈیموکریسی کی وجہ سے آج ملک میں جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی کو بھی جیل میں ڈالا گیا، اتحادی حکومت میں جو بھی کام ہو گا اتفاق رائے سے ہو گا، ہم ماحول بنا رہے ہیں۔

Advertisement