اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی، آئینی اور عدالتی بحران سے نکالنے کا واحد حل فل کورٹ ہے، فل کورٹ کا مطالبہ غیرآئینی نہیں تو پھر تشکیل میں کیا رکاوٹ ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا کہ 90 دن میں انتخابات اگر آئینی تقاضا ہے تو بتایا جائے کیا مردم شماری اور حلقہ بندیاں آئینی تقاضا نہیں ہے، کیا صاف شفاف الیکشن منعقد کروانا آئینی تقاضا نہیں ہے، کیا قومی سلامتی آئینی تقاضا نہیں ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص لابی کو 90 دن میں الیکشن کا تقاضا دکھائی دیتا ہے باقی نہیں، دو قسطوں میں انتخابات کروا کر ملکی نظام کو دولخت کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، اگر مخصوص بنچ آئین کے تحفظ کیلئے ہے تو کیا دیگر ججز آئین سے بغاوت پر زور دے رہے ہیں، تاثر ہے کہ انصاف کی چار دیواری میں انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔