سکھر: (دنیا نیوز) تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اجمل ساوند کے بیٹوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کے قتل کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔
مقتول پروفیسر اجمل ساوند کے ورثا سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ملک کا کرمنل مائنڈ سیٹ ہے کہ کرمنل کو تحفظ دو اور قانون کو دباؤ، آصف علی زرداری سے بڑا ڈاکو کون ہے؟، کپڑے پہن کر خوشبو لگا کر ٹیڑھی میڑھی انگلش بول کر وہ اپنا ماضی چھپا نہیں سکتے، اجمل ساوند کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، ان کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کیا گیا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی زیدی نے مزید کہا ہے کہ ساری انگلیاں ایم پی اے عابد سندرانی کی طرف اشارہ کر رہی ہیں، ایم پی اے قاتلوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں، پی پی 15سال سے سندھ صوبے کے عوام کا خون چوس رہی ہے اور لوٹ رہی ہے، عابد سندرانی تم جو کچھ بھی ہو، اپنی مرضی سے نہیں اللہ نے مقام دیا، ملک کہاں کھڑا ہے؟ امن و امان کی کیا صورتحال ہے؟۔
سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ایس ایس پی عرفان سموں نے بیان دیا کہ جو بھی اس قتل کے پیچھے ہیں انہیں گرفتار کروں گا، ان کو شاباش دینے، حمایت دینے کے بجائے ان کا تبادلہ کر دیا گیا، ایک ایس ایس پی کھڑا ہو کر پوری کوشش کر رہا ہے اسے سپورٹ کرنی چاہیے تھی، ہمارے سینیٹرز نے سینیٹ میں آواز اٹھائی اور ایس ایس پی نے رپورٹ دی۔
انہوں نے مزید کہا کوئی قبائلی تنازع نہیں تھا بلکہ ٹارگٹ کلنگ تھی، سندھ اسمبلی میں بھی اس مسئلہ پر آواز اٹھائی گئی، ڈاکٹر اجمل کو شہید کرنے کے بعد قاتلوں نے خوشیاں منائیں، سلیبریٹ کیا، ناچ رہے تھے، ویڈیو دیکھی، سیاست خدمت کیلئے ہوتی ہے، ظالم کے آگے آواز بلند نہ کرنے والا خود ظالم ہوتا ہے۔