اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان الیکشن کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگیا، مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 3 میں جاری ہیں۔
حکومتی مذاکراتی وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، طارق بشیر چیمہ، خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں، جبکہ شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور بیرسٹر علی ظفر پی ٹی آئی مذاکراتی وفد کا حصہ ہیں۔
گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہ ہوا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا۔
پی ٹی آئی وفد کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات
مذاکرات سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سیاسی تناؤ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز دی۔
اس سے قبل چیئرمین سینیٹ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے بھی مشاورت کی تھی۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کی اہم بیٹھک
دریں اثناء قبل قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی اہم بیٹھک ہوئی۔
اسحاق ڈار کے علاوہ یوسف رضا گیلانی، اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر شریک ہوئے اور حکومتی ٹیم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری اسمبلی توڑکرالیکشن کرانا چاہتی ہے توہی بات کریں، اگردوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔