اکتوبر، نومبر تک مردم شماری مکمل کرنے کی گنجائش موجود ہے: احسن اقبال

Published On 28 April,2023 07:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اکتوبر، نومبر تک مردم شماری مکمل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مردم شماری کے محکمے نے سپارکو سے مدد لی ہے، ملک میں پہلی دفعہ ڈیجیٹل مردم شماری ہو رہی ہے۔

سب کو گنا جائے، مردم شماری پر اب کوئی بارگیننگ نہیں ہوگی، حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں گنتی کا عمل سست روی کا شکار ہے، دور دراز علاقوں میں بھی مکمل تعداد نہیں گنی جا سکی، کچھ علاقوں کی آبادی میں غیر معمولی اضافہ بھی ہوا، مردم شماری کیلئے مقررہ تاریخ میں مزید 15 روز کی توسیع کا فیصلہ ہوا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا کیمپین کی جائے گی، وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے آبادی کو صحیح گننا ضروری ہے، ایسی مردم شماری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو سب کیلئے قابل قبول ہو، ڈیجیٹل مردم شماری میں یہ فائدہ ہے کہ اسے فوری طور چیک کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری پر سیاسی جماعتوں کو اعتراض تھا، سب جماعتوں کے ساتھ پراگریس شیئر کی ہے، مردم شماری کی بروقت تکمیل کیلئے سیاسی جماعتوں سے تعاون کا بھی کہا ہے، امید ہے اس عمل کو وقت پر مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔