عدالت پیچھے نہیں ہٹ سکتی، ملک میں الیکشن کرانا پڑے گا، اعتزاز احسن

Published On 27 April,2023 11:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے ماہر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے مذاکرات کے نیتجے سے فیصلہ دینا ہے، سپریم کورٹ نے ایک موقع دیا ہے، عدالت پیچھے نہیں ہٹ سکتی، ملک میں الیکشن کرانا پڑے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے تو پی ٹی آئی ممبران کو ڈی نوٹیفائی کرنا ہو گا، اگر ایسا ہو گیا تو پھر (ن) لیگ ترمیم سے انکار کر دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیت صاف ہو تو سیاسی مسائل کا حل نکل سکتا ہے: شاہ محمود قریشی

اعتزاز احسن نے کہا کہ انہوں نے پہلے عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مشورہ دیا تھا، جب انہوں نے اسمبلیاں تحلیل کیں تو پھر یہ بھاگ گئے، مسلم لیگ نے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرائیں اور خود (ن) لیگ مزے کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بھولے بادشاہ ہیں انہیں سمجھ نہیں آتی، مسلم لیگ (ن) والے 40 سال سے سیاست کر رہے ہیں، مسلم لیگ والے گول کو اٹھا کر دائیں، بائیں لے جانے کے ماہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں ایک دن الیکشن، حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کا پہلا دور ختم

ماہر قانون دان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ججز کے خلاف بڑی ایگریسو تقریر کر رہے ہیں اور حکومت اس وقت صرف ججز کے رشتہ داروں کے فون ٹیپ کر رہی ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ پنجاب کے الیکشن سے شائد لاتعلق ہو گئی ہے، عدالت نے 14 مئی کو الیکشن کرانے ہیں۔