سیاسی رہنماؤں کا سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

Published On 28 April,2023 08:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیاسی رہنماؤں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید اہلکاروں نائیک صوبیدار تاج میر، حوالدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد حسین کو وطن پر جان قربان کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے، شہداء قوم کو بہادر بیٹے تھے، دنیا دیکھ لے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف نبرد آزما ہے، فتح انسانیت کی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز پر 3 حملوں میں 7 دہشت گرد ہلاک، 3 جوان شہید

سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی پر دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہید نائب صوبیدار تاج میر، شہید حوالدار ذاکر احمد اور شہید سپاہی عابد حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا: آئی ایس پی آر

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے اپنی جان دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور انہیں جہنم واصل کیا، شہدائے وطن قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔