باجوڑ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدم کچھ نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باجوڑ میں پاک افغان سرحد کا دورہ کیا اور وہاں موجود فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی، باجوڑ دورہ کے موقع پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لئے پُرعزم ہے، افواجِ پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لئے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ محافظینِ پاکستان دشوار راستوں، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں کیونکہ سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور زور دیا کہ عید کے دن ہمیں مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
آرمی چیف نے خصوصی طور پر شُہداء کے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جنرل عاصم منیر نے جوانوں اور آفیسرز کی آپریشنل تیاری اور مستعدی کو سراہا۔