لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مفت آٹا سکیم میں کرپشن کے الزام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی یا تو معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔
نگران پنجاب حکومت کے وزیر اطلاعات عامر نے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی، آٹا سکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین سکیم رہی، سکیم سے پنجاب کے 3 کروڑ مستحق لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا آٹا سکیم کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت نے مل کر فنڈ فراہم کیا، آٹا سکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے، پنجاب حکومت پر الحمداللہ کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا سکتا، پنجاب حکومت ایک، ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی رمضان المبارک میں 84 ارب روپے کی آٹا تقسیم میں 20 ارب سے زائد کی چوری ہوئی، غریب کو کیا ملا جس کیلئے 84 ارب خرچ کیے گئے۔