نگران پنجاب کابینہ نے تمام مارکیٹ کمیٹیاں تحلیل کرنے کی منظوری دے دی

Published On 20 April,2023 11:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب کابینہ نے صوبے کی تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب کی تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے، دوران ملازمت شہید یا وفات پانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں کو عمر کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ محسن نقوی کا داتا دربار کی بند پارکنگ فوری فعال کرنے کا حکم

اجلاس میں پولیس رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری،عید تعطیلات پر صوبائی وزراء کو دارالشفقت، جیلوں اور ہسپتالوں کے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نگران کابینہ نے شالا مار باغ، مقبرہ جہانگیر، مقبرہ نور جہاں، مقبرہ آصف جاہ اور اکبری سرائے سمیت شاہی قلعہ کا انتظام بھی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو منتقل کرنے کی مشروط منظوری دیدی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا عیدالفطر کے موقع پر سیاحتی مقامات پر خصوصی انتظامات کا حکم

اجلاس میں رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے زیرانتظام لاہور کے 5 تحصیل ہیڈکوارٹرز، ہسپتالوں کے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کیلئے 200 ملین روپے کے فنڈز منظور، سرگودھا میڈیکل کالج اور نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے الحاق کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں لاہور پارکنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر بلال فیروز، پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر جاوید بدر کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نو تشکیل کی منظوری، توقیر احمد ناصر چیئرمین ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ نے لاہور کا پارکنگ نظام ڈیجیٹلائز کرنے کی منظوری دیدی

اجلاس میں آئی جی پنجاب پولیس نے نگران کابینہ کو چاند رات اور عیدالفطر کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ بھی دی۔