لاہور: (ویب ڈیسک) نگران حکومت پنجاب نے صحافی کالونی لاہور میں صحافیوں کو متنازع پلاٹوں کے متبادل پلاٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔
صحافی کالونی لاہور کے دورہ پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا کہ صحافی کالونی سے متصل 77 کنال اراضی کو جلد ازجلد ڈویلپ کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو ہدایات جاری کر دی ہیں، آئندہ چند ہفتوں میں 77 کنال اراضی پر ڈویلپمنٹ کا کام مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے اپنے حق سے محروم صحافیوں کو جلد ان کا حق دیں گے، نئی جگہ پر ڈویلپمنٹ کے بعد جلد پلاٹس بنا کر متاثرہ صحافیوں کو دیے جائیں گے، پی جے ایچ ایف کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ صحافی کالونی میں موجود خالی پلاٹوں کی نشاندہی کرے، ڈویلپمنٹ کے بعد وہ پلاٹ بھی مستحق صحافیوں کو دیے جا سکیں گے۔
عامر میر کا مزید کہنا تھا کہ جلد صحافی کالونی میں قبضہ گروپ کی کارروائیوں کا قلع قمع کیا جائے گا اور حقداروں کو ان کا حق واپس دلوایا جائے گا۔