نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری سکولوں میں سہولیات بہتر کرنے کی ہدایت

Published On 06 April,2023 03:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سرکاری سکولوں میں سہولیات بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ اور لوئر مال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

طلبہ نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سوالات کے جواب دیے اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا، محسن نقوی نے اساتذہ سے بھی بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے سکولوں میں فری کتابوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرل ماڈل سکول کا ماضی میں بڑا نام تھا، مختصر وقت میں سنٹرل ماڈل سکول کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے، سنٹرل ماڈل سکول کی شعبہ تعلیم میں اپنی منفرد تاریخ ہے۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا سکول کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے نصاب میں تبدیلیاں ضروری ہیں، تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے، سکول کا بورڈ آف گورنرز اس بارے میٹنگ کرکے فوری اقدامات کرے، سرکاری سکولوں میں طلبہ کیلئے تعلیمی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے مزید فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔