میرانشاہ: سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، دہشتگرد کمانڈر گرفتار کر لیا

Published On 01 May,2023 11:29 pm

میرانشاہ: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں آپریشن کر کے دہشتگرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں آپریشن کیا، گرفتار دہشتگرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ آپریشن کے دوران مہتاب عرف لالہ سمیت 7 دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز نے حراست میں لیا ہے، گرفتار کیے گئے تمام دہشت گرد متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں، فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے، کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔