لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد روانگی سے قبل عمران خان نے قوم سے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکلنے کی درخواست کے علاوہ پھر سے ریلیاں نکالنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پیشی پر روانگی سے قبل زمان پارک لاہور میں ریکارڈ کروائے جانے والے خصوصی پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی ہفتے کو چیف جسٹس سے اظہاریکجہتی کے لیے ایک گھنٹے کے لیے باہرنکلیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں ایک بار وزیر آباد میں اور دوسری بار 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، پاؤں میں سوجن کے باوجود پیش ہوں گا، ان کی طرح نہیں جن کی مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو ججز کیخلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی ہفتے کو چیف جسٹس سے اظہاریکجہتی کے لیے ایک گھنٹے کے لیے باہرنکلیں، اس وقت مافیا چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے اور مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے۔
چئیرمین عمران خان کا اسلام آباد عدالت پیشی سے قبل اہم ویڈیو پیغام 2/2
— PTI (@PTIofficial) May 4, 2023
pic.twitter.com/7eqms0GGlQ
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، 90 روز کے اندر الیکشن ہونے تھے لیکن یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو کال دے رہا ہوں ہفتہ 6 مئی کی شام ساڑھے 5 بجے آپ نے اپنے محلوں میں ، گاؤں میں ایک گھنٹے کیلئے باہر نکلنا ہے اور اپنے چیف جسٹس کے ساتھ اظہاریکجہتی کرنا ہے کیونکہ مافیا ان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہے ، اس نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے، پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے کیونکہ وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پاکستان میں تباہی مچا رکھی ہے جس کی وجہ سے وہ ڈرے ہوئے ہیں اور پاکستان کے آئین ، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کیخلاف جارہے ہیں۔
عمران خان نے قوم سے درخواست کی کہ ”اپنے بچوں کا مستقبل اور ملک بچانے کیلئے سب نے ہفتے کی شام گھروں سے باہرنکلنا ہے اور اپنے چیف جسٹس کو بتانا ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،“ چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے قوم سے ایک گھنٹہ مختص کرنے کی درخواست کے علاوہ عمران خان نے ریلیاں نکالنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ”میں پھر 4 ریلیاں کررہا ہوں ، اپنے چیف جسٹس اور پاکستان کے آئین کیلئے، اپنا ملک بچاؤ، آئین بچاؤ اوراس ملک کا سپریم کورٹ بچاؤ۔“
عمران خان نے مزید بتایا کہ یہ ریلیاں ہفتے کے روز ہی لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ہوں گی۔