اسلام آباد: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں پاک فوج کے 6 جوان شہید جبکہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر دیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین اور سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔