نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا گلگت بلتستان کے ہونہار طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

Published On 04 May,2023 10:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گلگت بلتستان کے ہونہار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا۔

محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گورنر گلگت بلتستان سے ملاقات کے موقع پر گلگت بلتستان کے ہونہار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا صوبہ بھر میں خراب فلٹریشن پلانٹس فعال کرنے کا فیصلہ

محسن نقوی نے کہا لیپ ٹاپ سے گلگت بلتستان کے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی تعلیمی سرگرمیوں اور ریسرچ میں مدد ملے گی، پنجاب حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔

گورنر گلگت بلتستان نے طلبا و طالبات کے لیے لیپ ٹاپ دینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

گورنرگلگت بلتستان نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔