عمران خان کو سزا ہی ملکی مسائل کا حل ہے، مریم اورنگزیب

Published On 07 May,2023 02:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ ملک کے خلاف سازش، جھوٹ اور چوریوں پر عمران خان کو سزا ہو۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ لگتا ہے فارن ایجنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی برطانوی بادشاہ کے ساتھ ویڈیو دیکھ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمہارا شر، زہر، غلیظ ذہنیت، معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد پیدا کر رہی ہے، ملک کو تم جیسا فراڈ، فتنہ اور فساد نہیں بلکہ روٹی، روزگار اور کاروبار چاہیے، ملک میں انتہا پسندانہ رویوں کی وجہ تم ہو، تمہاری وجہ سے آج جتھوں کے ہاتھوں لوگوں کا قتل ہو رہا ہے، کبھی بھارت، کبھی کشمیر، کبھی اسلام پر گھٹیا سیاست کرتے ہو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے انتشار کی کال صرف چین کے وزیرِ خارجہ کو دیکھ کر دی، سی پیک پر کام کی رفتار تیز ہوتے ہی فارن فنڈڈ ایجنٹ کو پاگل پن کا دورہ پڑ گیا، وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ بھارت اور بھارتی وزیر خارجہ کو جواب کے بعد عمران خان مکمل پاگل ہو گیا ہے۔

حکومتی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، شہباز شریف کیا کر رہے ہیں تم دیکھ نہیں سکتے کیونکہ تم نے سر پر کالی بالٹی رکھی ہوئی ہے، ملک میں عدم برداشت پھیلانے والے کی وجہ سے آج پاکستان کے اندر جتھے قاتل بن گئے ہیں۔

Advertisement