لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں سیاست قومی مفادات سے اوپر ہو جاتی ہے، خواہشات پر نہیں، ملک اور قوم کی پالیسیاں حقائق پر بنتی ہیں۔
نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہندوستان کی دعوت پر نہیں گئے، بلاول بھٹو صاحب شنگھائی تعاون تنظیم کی تعاون پر گئے، بلاول بھٹو کا دورہ کامیاب نہیں بہت کامیاب ہوا ہے، میں خوش ہوں میرے وزیر خارجہ کے جانے کے بعد ہندوستان میں ماتم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کی جگہ شاہ محمود قریشی ہوتا تو ہم ان کے پیچھے بھی کھڑے ہوتے، بلاول بھٹو نے ہندوستان میں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کی بات کی، بلاول صاحب کامیاب ہوئے، ہمارا دشمن تلملا اٹھا ہے، کشمیر کا مسئلہ ہم سب کا مسئلہ ہے، ہم امن کے داعی ہیں، مذاکرات کے تمام راستے مقبوضہ کشمیر سے جاتے ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ اقلیتوں پر مظالم ہندوستان میں ہو رہے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے دوست ممالک جی 20 کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، چین ہمارا عظیم ترین دوست ہے، کل چینی وزیر خارجہ نے ہماری سیاسی قیادت کو کہا ہے کہ سب مل کر بیٹھیں، میز پر بیٹھ کر باہمی مفاہمت سے مسائل حل کرنے چاہئیں۔