مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس ججز کو دھمکانے کے لیے تھی، شیریں مزاری

Published On 11 May,2023 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سینئر نائب صدر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس ججز کو دھمکانے کے لیے تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ردِعمل دیتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ پریس کانفرنس عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، قانون کا ذرا سا بھی احترام ہو تو یہ لوگ کم از کم زیرِسماعت معاملات پر بیان بازی سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے دی، فوری رہا کرنے کا حکم

مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان عدالت کی تعظیم میں ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جنہیں اغوا کیا گیا، سپریم کورٹ میں آج کی سماعت کے بعد عمران خان کے اغوا کی پوری کہانی قوم پر کھل چکی ہے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ججوں کے اہلِ خانہ کو دھمکانے سے لیکر انکی کردار کشی تک کا حربہ ملک میں لاقانونیت کے فروغ کی کوشش ہے، ملک کو مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے عدالت مجرموں سے جواب طلبی کرے۔