پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس کو شرپسندوں پر گولی چلانے کا اختیار مل گیا

Published On 14 May,2023 09:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس کو سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے والے شرپسند عناصر کو گولی مارنے کا اختیار دے دیا گیا۔

پنجاب حکومت نے شر پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے پولیس کو مکمل اختیارات دے دیئے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ نے پولیس پر پتھراؤ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔

محسن رضا نقوی نے پولیس کو سرکاری عمارت میں داخل ہونے والے شرپسند عناصر کو گولی مارنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا ہر صورت شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا اعلان

اسلام آباد پولیس کو بھی اہم اختیارات تفویض کرتے ہوئے پولیس لائن، چوکیوں یا پولیس سٹیشن کی طرف آنے والے کسی بھی شرپسند عناصر اور دہشت گرد پر گولی چلانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 245 نافذ ہونے پر شہر میں لگائے گئے تمام کنٹینرز ہٹانے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
 

Advertisement