اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گناہ گاروں کو قرار واقعی سزا ملے گی تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا، جو بے گناہ ہو گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، جس نے جرم کیا ہے وہ بچ نہیں سکے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اس دن پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات ہوئے، ان افسوس ناک واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا، تمام طبقات نے ان واقعات پر انتہائی غم وغصے کی صورتحال میں وقت گزارا، اس روز وطن سے والہانہ محبت کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ جس گھر میں پاکستان کی حفاظت پر مامور سپوت تھے اسے جلایا گیا، واقعات سے ہمارے سرشرم سے جھک گئے، ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی، جن لوگوں نے منصوبہ بندی، لیڈ کیا، اکسایا ایسا دشمن بھی نہیں کر سکا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جناح ہاؤس عمارت نہیں بلکہ لہو سے عبارت گھر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس: 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جی ایچ کیو، میانوالی ایئربیس کا رخ کیا گیا، ایف سی سکول پر تباہی کی گئی، کیا 75 سالوں میں ایسا واقعہ ہوا؟، ساری صورتحال کا جائزہ لینا ہو گا، پاکستان کے عوام افواج کے ساتھ مکمل وابستگی کا اظہار کرتے ہیں، اس مذموم حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جنہوں نے منصوبہ بندی کی، بلوائیوں کو اکسایا کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ شہدا کے مجسموں کو توڑا گیا، 72 گھنٹے کے اندر گرفتار کر کے مقدمات درج کیے جائیں گے، جو گناہ گار ہے ان کو قرار واقعی سزا ملے گی تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا، جو بے گناہ ہو گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، جس نے جرم کیا ہے وہ بچ نہیں سکے گا، وزیر اعظم بھی حکم دے توان واقعات کےمجرموں کونہ چھوڑا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کا ازلی دشمن جو نہ کر سکا وہ ان لوگوں نے کیا، بہادر جوانوں نے 65 کی جنگ، ضرب عضب اور امن و امان کیلئے عظیم قربانیاں دیں، دھرتی کے شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی گئی، حساس تنصیبات پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔