اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے 9 مئی واقعات میں عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی منصوبہ تو عمران خان نے بنایا، عمران خان نے پرسوں پھر فوج کی قیادت پر حملہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی تنصیبات پر حملوں کیخلاف ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج نیوٹرل ہوجائے، قوم و ملک کے ساتھ کھڑی ہو جائے وہ عمران خان کو پسند نہیں، عمران خان اقتدار کو اپنی وارثت سمجھتے ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں عمران خان گرفتار ہوسکتے ہیں؟ جس پر وزیر دفاع نے کہا کہ منصوبہ تو عمران خان نے بنایا، تلقین انہوں نے کی تھی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میانوالی میں 80 سے زائد جہاز کھڑے تھے، اگر یہ لوگ جہازوں کو جلاتے تو موجودہ معاشی حالت میں ہم 5 جہاز کو ریپلیس نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی سیاسی جماعت پاکستان مخالف نہیں، موجودہ صورتحال کاحل تلاش کرنا ہو گا: صدر
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھڑے ہوں گے، دوست ممالک افراد کے مفادات کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹوٹنے کی وجوہات مختلف نظر آرہی ہیں، جو شخص شہداء کی توہین میں ملوث ہے وہ دنیا میں عبرت کا نشان بنے گا۔