فوجی تنصیبات پر حملوں کیخلاف ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا، مریم اورنگزیب

Published On 17 May,2023 05:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما و وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کیخلاف ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح جتھوں نے عمران خان کے کہنے پر چڑھائی کی، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو جلایا گیا، عوام کو تحفظ دینا حکومت کا کام ہے اور ہمیں آتا بھی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 72 گھنٹے میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، یہ واقعات ملک دشمنی اور بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، یہ سب کچھ عمران خان کے اکسانے پر ہوا، ایمبولینسز سے مریضوں کو نکال کر گاڑیاں جلا دی گئیں، تحریک انصاف کے مسلح جتھوں نے قومی املاک کے ساتھ ساتھ جھنڈے بھی جلائے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے حملے کی جڑیں عمران نیازی کی تقاریر میں پوشیدہ ہیں، وزیراعظم

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، شرپسندوں نے عام آدمی کی سواری میٹرو بس کو بھی نقصان پہنچایا، میٹرو بس سروس بند ہے، اس کا جواب کون دے گا۔

Advertisement