رانا ثنا اللہ کی سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات، روڈ ٹو مکہ منصوبے کے مکمل نفاذ پر اتفاق

Published On 17 May,2023 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے ملاقات کی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو، سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں موجود تھے، اس موقع پر پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ایئرلائن نے حج آپریشن 2023ء کی تیاریاں مکمل کرلیں، شیڈول جاری

روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی، جس سے حجاج کو بے وجہ انتظار اور زحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا چکا ہے۔

وزیر داخلہ نے ملاقات میں سعودی نائب وزیر داخلہ سے معمولی جرائم میں قید پاکستان شہریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا، جس پر سعودی وزیر نے بتایا کہ 108 پاکستانیوں کو رہا کر دیا گیا ہے، کئی قیدیوں کے کیسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے قیدیوں کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
 

Advertisement