اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے، قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ گزشتہ حکومت کی ذمہ داریوں کی درستگی کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے، آج سے نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے اور قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اور پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کی کمی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ کسانوں کی سہولت کیلئے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد کمی ہوئی ہے، ٹرانسپورٹرز کو کرایوں میں کمی کرنی چاہیے، صوبائی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، اس کا فائدہ لوگوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔