اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دالبندین سے زیارت تک روڈ تعمیر کرنے کیلئے 10 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ارب 66 کروڑ کی گرانٹ، پرائم منسٹر انسپیکشن کمیشن کیلئے ایک کروڑ 72 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ، وزارت توانائی کیلئے 92 کروڑ 20 لاکھ کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں یوریا کھاد کیلئے وفاق کے حصے کی 5 ارب 57 کروڑ کی سبسڈی کی رقم جاری کرنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے 1 ارب روپے، تخفیف غربت ڈویژن کیلئے 5 کروڑ روپے اور وزارت اطلاعات کیلئے 55 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔