پیپلز پارٹی نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا

Published On 17 May,2023 07:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی انتخابی شیڈول پر سخت تحفظات ہیں، شیڈول کی مدت کو کم اور پہلے مخصوص نشستوں کا مرحلہ مکمل کر کے پارٹی پوزیشن ڈکلیئر کی جائے، الیکشن کمیشن کا بلدیاتی اداروں کیلئے ایک ماہ کے عرصے کا شیڈول تاخیری حربہ ہے۔

نثار کھوڑو نے مزید کہا ہے کہ حلف برداری کا عمل ہونے کے بعد میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کرایا جائے، الیکشن کمیشن تاخیری حربے استعمال کر کے سندھ کے لوگوں کے صبر کا امتحان نہ لے، الیکشن کمیشن بلدیاتی اداروں کے انتخابی شیڈول کے دن کم کرے، پنجاب میں تو بلدیاتی اداروں کا تصور ہی ختم کیا گیا ہے اس پر الیکشن کمیشن کیوں خاموش ہے۔