اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔
مریم نوازشریف سے تنظیمی عہدیداروں، پارٹی کے شعبہ خواتین لاہور کی رہنما سعدیہ تیمور اور اقلیتی ونگ کے رہنما کامران بھٹی نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور اس میں پیش رفت کے امور کا جائزہ لیا گیا، مریم نوازشریف نے خواتین اور اقلیتی شعبوں کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، وسائل اور اختیارات میں بھی نصف حصہ ملنا چاہیے، تحریک پاکستان سے لے کر ہر سیاسی تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی میں بتدریج اضافہ کر رہے ہیں، بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو پڑھانا اسلام کی تلقین ہے، حقوق اور وسائل میں امتیاز ختم کرنا ہے، خواتین اور اقلیتیں معاشرے میں استحصال کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں، اسے ختم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے عمران خان کو نواز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت غیر مسلم پاکستانی یکساں حقوق رکھتے ہیں، امتیاز برتنا آئین شکنی ہے، غیر مسلم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کریں گے، ملک سے سیاسی انتشار، نفرتوں اور تشدد کی سوچ ختم کرنے میں خواتین اور اقلیتوں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین بطور ماں، بہن، بیٹی خاص طور پر نوجوان نسل کی سوچ بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، وطن کی تعمیر، ادب اور اتحاد کی سوچ پروان چڑھا سکتی ہیں، سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا، خواتین اور نوجوان معاشرے کو اچھی قدروں سے ہم کنار کرنے میں قومی کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے واقعات بارے جتنا سوچتا ہوں اتنا ہی غصہ بڑھتا ہے، شہباز شریف
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ بارود بونے سے اقوام اور معاشرے تباہ ہوتے ہیں، مسلمانوں اور غیرمسلموں کے اتحاد سے پاکستان بنا تھا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارٹی شعبہ جات کو متحرک اور تنظیم نو شروع کرنے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔