ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں آج بارش کا امکان

Published On 22 May,2023 08:37 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں آج سے مغربی ہوائیں داخل ہوکر بارشیں برسائیں گی۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آج سے 26 مئی کے دوران بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں  کوئٹہ ،قلات خضدار ، لسبیلہ ،کیچ اور پنجگور میں گردآلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ صوبے کے کچھ اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔

اسلام آباد، مری گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کا امکان  ہے اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

  محکمہ موسمیات کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ،  پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخوا میں کھڑی فصلوں اور کمزور سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35،قلات میں30 ، جیونی میں 33،گوادر میں34 ، نوکنڈی 43، تربت 42 اورسبی میں47 سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ہے ۔
 

Advertisement