اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار نسلوں کا حساب دیا اور سرخرو ہوئے، عوام اور قیادت کو پتہ تھا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ناحق سزا پانے والوں اور چوروں میں موازنے کا آئینہ پیش ہے، تم نے ہمارے خلاف ہرجھوٹا مقدمہ بنایا لیکن قائد نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) May 23, 2023
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے امانت سمجھ کر عوامی خدمت کی، اسی لئے بہادری سے ڈٹ کر کھڑے رہے، یہ تصاویر جرآت بہادری اور وفاداری کی ناقابل فراموش مثالیں ہیں،تمہاری فسطائیت، بدترین سیاسی انتقام اور ظلم و جبر کے منہ بولتے حقائق ہیں۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) May 23, 2023
انہوں نے کہا کہ تم اور تمہارے مسلح جتھوں پر قومی وحساس عمارتوں پر حملے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، ریڈیو پاکستان، مساجد،سکول، ہسپتال اور ایمبولنسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے، اب تم اور تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی، بھاگتی، گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) May 23, 2023
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کابینہ اس لیے چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تم توشہ خانہ کے چور، جھوٹے ،فارن ایجنٹ، القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو، تمہارے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کروائی۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) May 23, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بہو بیٹیاں بہنیں تمہارے کم ظرف وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں، مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کرکے سزائے موت کی چکی میں ڈالا گیا،ہمارے بارے میں عدالتی فیصلے پڑھو اور شرم کرو۔