لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں گرج چمک کیساتھ بارش گرمی سے مرجھائے چہروں پر رونق لے آئی، شہر اور گردونواح میں رم جھم نے موسم خوشگوار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقوں گلبرگ، ڈیفنس، وحدت روڈ، اچھرہ اور کوٹ لکھپت میں بارش نے جل تھل ایک کر دیا، ماڈل ٹاؤن ، ٹاؤن شپ مغل پورہ اور ہربنس پورہ میں بھی بجلی کڑکی، بادل برسے اور آسمان سے ہوا کے دوش پر موتی زمین پر اترے تو ڈالی ڈالی جھوم اٹھی، درخت اور پودے غسل کے بعد نکھر سے گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں نے بارش کے بعد سکھ کا سانس لیا۔
دوسری جانب میرپور آزاد کشمیر، ڈڈیال چکسواری اور جاتلاں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی، بارش سلسلہ اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر گجرات اور اس کے گردونواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث مختلف فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔