پی ڈی ایم نے اپنی سیاست ڈبو کر ملک کو بچایا ہے، حافظ حمد اللہ

Published On 26 May,2023 10:26 pm

ایبٹ اباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے اپنی سیاست کو ڈبویا اور ملک کو بچایا ہے، عام انتخابات 5 سال مکمل ہونے پر ہی ہوں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت ہی نہیں ہے، 9 مئی کو تحریک انصاف کے غنڈوں کو عمران خان نے ملکی اور قومی اداروں پر حملہ کرنے کا کہا، منصوبہ بندی کے تحت فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے استعفے دینے والے اگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں تو انہیں بھی گرفتار کیا جائے اور آئین کے مطابق سزا دی جائے، علی وزیر کو تقریر کرنے پر 26 ماہ جیل میں رکھا اور ریاست پر حملہ کرنے والے کیخلاف کوئی کارروائی نہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی لوٹے جنہوں نے تحریک انصاف کو چھوڑا ہے ان کو پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتوں نے دعوت دی ہے، یہ دہشت گرد ہیں، ان کو کسی پارٹی میں شامل نہ کیا جائے، جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعتیں ان لوٹوں کو پارٹی میں نہ لیں۔

Advertisement