مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے : حافظ حمد اللہ

Published On 26 May,2023 01:26 am

میرپور آزاد کشمیر : ( دنیا نیوز ) جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ف ) کے رہنما اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، ہماری خواہش ہے کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے ۔

میرپور آزاد کشمیر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی ، 7 دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کا حل نہیں نکالا جا سکا جو سراسر زیادتی ہے ۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی حیثیت کو ختم کیا اس کو بحال کیا جائے ، مودی گجرات میں مسلمانوں کا قاتل ہے اس سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔

حافظ حمد اللہ نے سابق وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ عمران خان اور اس کے سہولت کاروں نے کشمیر کو مودی کے ہاتھ میں دیا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان 9 مئی کو ہونے والے واقعات کا ماسٹر مائنڈ تھا ، عمران خان اور اس کے حواریوں نے 9 مئی کو جو کیا اس میں کسی کو کوئی معافی نہیں ملنی چائیے ۔

Advertisement