پی ڈی ایم نے ڈی چوک میں ریلی کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کرلی

Published On 14 May,2023 03:50 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم ) کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہرعوامی ریلی کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کر لی گئی ۔

پی ڈی ایم کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو دی گئی درخواست میں 15 مئی کو ڈی چوک پر عوامی اجتماع کی اجازت طلب کی ہے ، درخواست میں ریلی کی اجازت کیساتھ ساتھ سیکورٹی فراہم کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے ۔

درخواست صدر مسلم لیگ ن طارق فضل چودھری، سیکرٹری جے یو آئی مفتی محمد عبداللہ اور صدر مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن ابرار احمد کی جانب سے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پیپلز پارٹی کا سپریم کورٹ کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاج میں شرکت کا اعلان

اس حوالے سے صدر مسلم لیگ ن اسلام آباد ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کاکہنا ہے کہ احتجاج کے لیے درخواست ضلعی انتظامیہ کو جمع کروا دی گئی ہے، پورے اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے کارکن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر طارق فضل کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کی درخواست میں احتجاج کا لفظ شامل ہے،  دھرنے کا لفظ شامل نہیں ہے ۔

دوسری جانب قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مریم نواز شریف پی ڈی ایم کے دھرنے میں مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کرنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں ۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر ملک بھر سے جے یو آئی کے قافلےاسلام آباد کے لیے روانہ ہوچکے  ہیں ، حیدر آباد سے ن لیگ کا قافلہ بھی دھرنے میں شرکت کیلئے چل پڑا ہے۔

 پیپلز پارٹی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج میں شریک ہونے کا اعلان کررکھا ہے۔

Advertisement