جے یو آئی نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کی تیاریاں شروع کر دیں

Published On 13 May,2023 04:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پیر کو سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، پارٹی کی جانب سے دھرنا چیف جسٹس کے استعفے تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

چاروں صوبوں سے ہزاروں کارکنوں کے قافلے اسلام آباد لانے کی تیاری کی جا رہی ہے، کوئٹہ اور کراچی سے جے یو آئی کے کارکنوں کے قافلے کل باقاعدہ روانہ ہوں گے، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع اور پنجاب سے کارکنان پیر کے روز ہی اسلام آباد پہنچیں گے۔

پشاور سے آنے والے قافلے کی قیادت مولانا عطاء الرحمان، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت اکرم خان درانی، سندھ کے قافلے کی قیادت راشد محمود سومرو، بلوچستان کے قافلے کی قیادت مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عبد الواسع، پنجاب سے قافلے کی قیادت ڈاکٹر عتیق الرحمان کریں گے، دھرنے میں جے یو آئی کے ایک لاکھ سے زائد کارکنان کی شرکت متوقع ہے۔
 

Advertisement