لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم قیادت کو روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ سے یقیناً کچھ فرق نہیں پڑتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 310 روپے میں فروخت ہو رہا اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کے چُنگل میں ہے، قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خان صاحب خدا حافظ عمران اسماعیل نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری مجموعی سالانہ آمدن تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے، ایسے میں جب معیشت ہماری نگاہوں کے سامنے بکھر رہی ہے، قوم پر مسلط فسطائی حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 9 رہنماؤں اور شیخ رشید کا ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ
عمران خان نے مزید کہا ہے کہ ناجائز طریقوں سے جمع کی گئی پی ڈی ایم والوں کی ساری دولت ڈالروں کی صورت میں بیرون ملک چھپائی گئی ہے، پی ڈی ایم قائدین کیلئے تو روپے کی قدر میں گراوٹ سود مند (منافع بخش) ہے جبکہ پاکستان کے عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے کُچلے جائیں گے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 310 روپے میں فروخت ہورہا ہے اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کےچُنگل میں ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 27, 2023
قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔
ہماری مجموعی سالانہ آمدن تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے۔…