وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شاہد اے خان کو جوبائیڈن کی مشاورتی کمیٹی میں شمولیت پر مبارکباد

Published On 27 May,2023 10:10 pm

اسلام آباد: ( ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا میڈیا گروپ کے ایڈوائزر شاہد احمد خان کو امریکی صدر جوبائیڈن کی مشاورتی کمیٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز رکن شاہد احمد خان کی امریکی صدر جوبائیڈن کی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس میں شمولیت پاکستانی تارکین وطن کی بے پناہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ شاہد احمد خان کی مشاورتی کمیٹی میں شمولیت سے فنون لطیفہ کو دنیا بھر میں تقویت ملے گی۔

واضح رہے کہ شاہد احمد خان امریکی اقدار اور اصولوں کی وکالت کرتے ہیں، وہ ڈیموکریٹ سینیٹوریل مہم کمیٹی کے ٹرسٹی، ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن اور جان کیری کی 2004ء کی صدارتی مہم کے لیے نیشنل فنانس کے شریک چیئرمین کے طور پر بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔