اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے اسد عمر کے خلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایسوسی ایٹ پراسیکیوٹر نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو وکیل اسد عمر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں آج ہی اس کے دلائل مکمل کر دوں۔
یہ بھی پڑھیں:جہانگیر ترین سے کوئی تعلق نہیں، فواد چودھری رابطے میں ہیں: اسد عمر
جج طاہر عباس سِپرا کا کہنا تھا کہ پراسیکیوٹر تو آئے ہی نہیں، لہٰذا دلائل کے لئے اگلی تاریخ رکھ لیتے ہیں، پراسیکیوٹر والدہ کی وفات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اسی کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔