20 جون تک فیصلے ہوجائیں گے کہ سیاسی اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا: شیخ رشید

Published On 08 June,2023 11:08 am

راولپنڈی : (دنیانیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ 20جون تک اہم فیصلے ہوجائیں گے کہ سیاسی اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ آصف زرداری نے کہا ہے الیکشن میں کرواؤں گا، فضل الرحمان نے کہا الیکشن میں کرواؤں گا ، نوازشریف کہتے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہوگی تو الیکشن ہوگا، 20جون کو فیصلے ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ سازوں نے زمینی حقائق سے آنکھیں بند کررکھی ہیں، قوم اللہ اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی ترقی کا پوسٹ مارٹم کیا ہے اور حکومت شادیانے بجارہی ہے۔

شیخ رشید کاکہنا تھا کہ جتنی مرضی منصوبہ بندی کرلی جائے ہوگا وہی جو اللہ کو منظور ہوگا، آئین،قانون اور عوام کا کہیں ذکر نہیں، 9مئی کے واقعہ کی ساری قوم مذمت کرتی ہے اور عظیم فوج کے ساتھ کھڑی ہے، لیکن چہرے بدلنے اور جیلیں بھرنے سے لوگوں کی رائے نہیں بدلی جاسکتی۔

سابق وزیرداخلہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو معیشت آصف زرداری جیل میں پڑھ کر آئے وہ 2013،2008اورموجودہ 14ماہ کی تھی، آئی ایم ایف سے چھٹی ،دوست ممالک کی مالیاتی کٹی،ن لیگ فارغ،غریب تباہ و برباد، آٹا،ڈالرمہنگا اور نایاب یہ ہیں حکومت کے حالات۔

ان کامزید کہنا تھا کہ 100 افراد 24 کروڑ لوگوں کی خواہشوں اور خوشیوں کا خون کر رہے ہیں، گھر میں4بلین ڈالرہیں اورآصف زردای100بلین ڈالر زرمبادلہ کی بات کررہے ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیااور لوگوں کے شعور پر زنجیریں پہنا دی گئی ہیں، سارےپڑوسی سمجھا رہے ہیں لیکن عوام کےردعمل سےخوف زدہ حکومت کچھ سننے کیلئے تیار نہیں۔

Advertisement