اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دھاندلی پر نہیں بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، دھاندلی کا واویلا کرنے والے عوامی فیصلے کا احترام کریں۔
اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ضلع باغ پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح اور تعمیر وترقی کیلئے اقدامات کیے، یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتے ہیں، باغ کے ضمنی انتخابات کے ابتدائی نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی ان کی نمائندہ جماعت ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے باغ میں ضمنی الیکشن کے دوران کارکن پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے کارکن انوار زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے، سیاست میں گالی اور تشدد کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ووٹ کی طاقت سے انتخابات جیتنے پر یقین رکھتی ہے۔