اسلام آباد: (دنیا نیوز) بچوں کے گیس والے غبارے نے بھارتی پولیس اور ایجنسیوں کی دوڑیں لگوا دیں۔
بڑا دشمن بنا پھرتا ہے غباروں سے ڈرتا ہے، جنگ و جدل کے میدان سے ایک انوکھی اور دلچسپ خبر ہے کہ بچوں کے گیس والے غبارے کو لیکر مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں فوجیوں کے باوجود بھارت انتہائی پریشان ہو گیا۔
پی آئی اے کے جہاز سے مشابہ غبارہ کٹھوعہ کی ایک پہاڑی پر پایا گیا، غبارے پر پی آئی اے لکھا دیکھ کر پاکستان مخالف جنونیت بھارتی افواج اور میڈیا کے اعصاب پر سوار ہو گئی، ہوا سے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے والے غبارے سے بھارت کی ہوا نکل گئی،غبارے نے بھارتی پولیس اور ایجنسیوں کی دوڑیں لگوا دیں۔
مشترکہ آپریشن کے بعد غبارے کو گرفتار کر لیا گیا، بھارتی پولیس اہلکار اور فوجی غبارے کے ساتھ ایسے تصویریں اترواتے رہے جیسے کوئی بڑا دہشت گرد پکڑ لیا ہو، تحقیقات مکمل ہونے تک غبارے کو تھانے میں رکھا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق غبارہ پکڑنے کے ساتھ ہی بھارت نے پورے علاقے میں بڑا سرچ آپریشن شروع کر دیا، دنیا کی بڑی فوجوں میں سے ایک، اربوں کا دفاعی بجٹ اور ایٹمی طاقت رکھنے والا بھارت بچوں کے رنگ برنگےغباروں سے پریشان ہو گیا۔
بھارت ایسے واقعات سے آئے روز دنیا میں اپنا مذاق بنواتا رہتا ہے، ایک انتہائی معمولی خبر بھارتی میڈیا کی زینت بن چکی ہے، پاکستانی بچوں کے رنگ برنگے غباروں نے بھارتی افواج کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں، لگتا ہے کسی پاکستانی بچے کے پاس سب رنگوں کے گیس والے غبارے موجود ہیں اور وہ دنیا کی دوسری بڑی فوج کو تگنی کا ناچ نچائے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ اپنی نوعیت کا یہ چھٹا واقعہ ہے، فروری 2016، مارچ 2021، نومبر 2022، جنوری اور مئی 2023 میں بھی بھارتی سورمے بچوں کے غبارے پکڑ چکے ہیں، بچوں کو چاہیے کہ جہاز کی بجائے مختلف اشکال کے غبارے بھارت بھیجیں، شاید اس سے بھارت کا خوف کچھ کم ہو۔
بھارتی افواج ماضی میں پاکستان سے آنے والے کبوتر کو بھی گرفتار کر کے پسِ زندان تفتیش کر چکی ہیں، ایسی بچگانہ حرکتوں سے بھارتی میڈیا اور اداروں نے دنیا بھر میں اپنا تمسخر اڑایا ہے۔