اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست کی سماعت کیلئے وفاقی حکومت کی لارجر بنچ کی استدعا مسترد کر دی۔
چیف جسٹس عمرعطاء بندیال نے سماعت کیلئے 3 رکنی بنچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے انتخابات نظرثانی کیس کی کاز لسٹ جاری کر دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ 13 جون کو سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے بعد نظرثانی درخواست دائر کی تھی، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے انتخابات میں تاریخ دینے پر اعتراض اٹھایا تھا۔