ہمارے سامنے ملک لوٹا جا رہا ہے لیکن ہم کچھ نہیں بولیں گے: شاہد خاقان عباسی

Published On 12 June,2023 06:02 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پچھلے دو سال میں ہر جماعت اقتدار میں رہی، کیا مسائل حل ہوگئے، نظام کی خرابی اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ پورا ملک خطرے میں ہے۔

حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق کے پاس خود کچھ نہیں، وہ سود ادا نہیں کر سکتا، اگلے سال سود مزید بڑھے گا کیونکہ مزید قرضہ لے لیا، آج ہم دفاعی اخراجات اضافی قرضہ لے کر ادا کر رہے ہیں، وفاق سے آپ حق مانگتے ہو وہ خود لاچار اور کنگال ہے، پارلیمنٹیرین وہ واحد طبقہ ہے جن کا ٹیکس ریکارڈ پبلک دیکھ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 25 سال میں حکومتوں نے ملک کا ایک بھی مسئلہ نہیں سلجھایا: مفتاح اسماعیل

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا ہے کہ نظام کو نہیں بدلا تو ملک کے حالات درست نہیں ہوں گے، سب سے بڑا انتظامی افسر وفاق کا افسر ہے، انگریز کا نظام ہم نے دل سے لگایا ہے، 25 سال سے سیاستدان نیب کے قانون کو دل سے لگا کر بیٹھے ہیں کسی نے نیب سے پوچھا کس کا احتساب کیا، 99 فیصد قوانین حکومت اپنی سہولت کے لیے بناتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس ملک میں الیکشن بھی مسائل کا حل نہ رہیں وہ آگے کیسے چلے گا، ہم نے صوبوں کو وسائل دے دیئے لیکن ذمہ داری نہیں دی، صوبے میں افسر کی تنخواہ وفاق سے دو تین گنا زیادہ ہے، 30 فیصد سے زائد پنجاب میں محکمہ خوراک میں کرپشن ہے، ہمارے سامنے ملک لوٹا جا رہا ہے لیکن ہم اور یہ نظام کچھ نہیں بولیں گے۔