خیبر پختونخوا کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، شہباز شریف

Published On 13 June,2023 05:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے خیبر پختونخوا کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا، ہم خیبر پختونخوا کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگی قیادت نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی ، مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام، سینیٹر پیر صابر شاہ شریک ہوئے۔

ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر، سجاد احمد، سابق ارکان قومی اسمبلی شہاب الدین خان، جمشید محمد، اورنگزیب نلوٹھہ نے شرکت کی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا کے آئندہ انتخابات پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔

شرکا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بجٹ میں خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے اقدامات کی شمولیت پرخراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ 2023-24 میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات شامل کئے ہیں، یقینی بنائیں گے کہ وفاقی حکومت کے صحت و تعلیم کے منصوبوں سے خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور مستفید ہوں، خیبر پختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کسانوں کو معیاری بیج، بروقت کھاد کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے، سرحدی اضلاع میں تجارت میں سہولت فراہم کر کے لوگوں کی معاشی مشکلات دور کریں گے۔