وزیر اعظم کا وزیر اعلیٰ سندھ کو فون، سمندری طوفان بارے پیشگی انتظامات کو سراہا

Published On 12 June,2023 10:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا، وزیر اعظم نے سمندری طوفان "بپر جوئے" سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کر وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جہازوں، ماہی گیروں، ساحلی انفراسٹرکچر، سیلاب کے خطرے، ٹھٹہ، بدین اور سندھ کے جنوبی مشرقی علاقوں سے متعلق خدشات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان موثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ علاقوں میں منتقلی یقینی بنائی جائے، اس موقع پر وزیراعظم کو متعلقہ علاقوں میں عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور اطلاعات پہنچانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال میں ضروری سامان، آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کے پیشگی انتظامات پر بھی آگاہی حاصل کی۔

شہباز شریف نے صورتحال سے نمٹنے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراچی، وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبے اور فکرمندی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔