لاہور: (دنیا نیوز) سمندری طوفان، آندھی اور طوفانی بارش کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب کے تمام اداروں و ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے بعد صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتہائی شدید سمندری طوفان (BIPARJOY) مشرقی اور وسطی بحیرہ عرب میں موجود ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک مزید شمال کی جانب بڑھے گا، سمندری طوفان کی وجہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں 14 جون سے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ 15سے 18 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، قصور، جہلم، سرگودھا، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، پنجاب میں آندھی، جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور سٹریکچر کو شدید نقصان کا خطرہ ہے، کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں، تمام اضلاع بروقت انتظامات مکمل کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔