لاہور:(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی بحالی فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ 21 جون کو سماعت کرے گا جس کی سربراہی جسٹس شاہد بلال حسن کریں گے، رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کر دی۔
سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس کے بعد عدالت نے اراکین قومی اسمبلی کو بحال کرنے کے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔
اپیل میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیا۔
عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے، اب 21 جون کو کیس کی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔