لاہور : مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش، پروازیں متاثر

Published On 19 June,2023 12:24 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور میں ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی ، کینال روڈ ، گڑھی شاہو سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں نے گرمی کی شدت میں کمی کر دی۔

دوسری جانب شہر میں تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ، لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

آر اے بازار، والٹن روڈ، بھٹہ چوک ،نادرآباد ، علی پارک ، حمزہ ٹاؤن ، ظفر پارک ، کاہنہ ، چونگی امرسدھو ، مغل پورہ ، داروغہ والا ، چائنا سکیم ، وسن پورہ ، فتح گڑھ اور ہربنس پورہ کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

علاوہ ازیں موسم کی خرابی کے باعث اندرون و بیرون ملک آنے و جانے والی کل 4 پروازیں متاثر ہوگئیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ حکام کے مطابق سرین ایئر کی دوبئی سے لاہور آنے والی پرواز 724 کے پائلٹ نے طیارے کا رخ موڑ دیا ، ائیر عربیہ کی راسلخیمہ سے لاہور آنے والی پرواز 854 کا رخ بھی خراب موسم کے باعث ساہیوال سے موڑ دیا گیا۔

گلف ائیر کی لاہور سے بحرین جانے والی پرواز 767 کو رن وے پر ٹیک آف سے روک دیا گیا جبکہ تھائی ائیر کی لاہور سے بینکاک جانے والی پرواز 346 کو بھی رن وے پر روک دیا گیا۔