وکیل قتل کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نامزدگی سپریم کورٹ میں چیلنج

Published On 19 June,2023 09:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے میں نامزدگی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی مقاصد کیلئے مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے، درج کیا گیا مقدمہ آئین کے آرٹیکل 9,10 اور 14 کی خلاف ورزی ہے، مرکزی ملزم کی گرفتاری، ٹھوس شواہد کے بغیر سابق وزیر اعظم کو مقدمہ میں طلب بھی نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی، واضح رہے بلوچستان ہائی کورٹ نے تحقیقات میں مداخلت نہ کرنے کا کہتے ہوئے درخواست خارج کر دی تھی، کوئٹہ کے تھانے شہید جمیل کاکڑ میں درج مقدمے میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو نامزد کیا گیا ہے۔