پشاور : (ویب ڈیسک ) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق 7 سے 9 جولائی تک جاری رہنے والے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق پولو فیسٹیول اور اس سے قبل عیدالاضحٰی کی چھٹیوں میں خیبر پختونخوا کے پرفضا سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمدپر انتظامات کیلئے اتھارٹی دن رات مصروف عمل ہے۔
خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج، چترال سکاؤٹس، ضلعی انتظامیہ چترال لوئر و چترال اپر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال لوئر و چترال اپر سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق یہ فیسٹیول 7 سے 9 جولائی 2023 کو چترال اپر میں دنیا کے سب سے بلند شندور پولو گراؤنڈ پر منعقد ہو گا، سیاحوں کی معلومات کیلئے ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال ہے جبکہ سیاحوں کو ٹورازم اتھارٹی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد خیبرپختونخوا کو منتقل ہونے والے پی ٹی ڈی سی موٹلز کی تزئین و آرائش کرکے سیاحوں کیلئے کھول دیا ہے، سیاح آنے سے قبل آن لائن یا پھر پی ٹی ڈی سی موٹلزپہنچ کر بھی بکنگ کر سکتے ہیں جبکہ کیمپنگ پاڈز پر بھی سیاحوں کی بکنگ کا آغاز کردیا گیاہے ۔
محکمہ سیاحت حکام کاکہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ موجودہ سیاحتی مقامات کیساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات کی آبادکاری پر بھی کام ہو، صوبے میں مانسہرہ اور مانکیال کالام کے دلکش مقامات پر ٹورسٹ زونز قائم کر دئے گئے ہیں۔
اس کےساتھ صوبہ میں ٹورسٹ سروسز بشمول ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز کو بھی فعال بنایا گیا ہے جبکہ سیاحوں کو ہوٹلز، ریستوران، رینٹ اے کار، ٹریول ایجنسیوں سمیت سیاحت سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز کی رجسٹریشن سمیت آن لائن معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔